سیکرٹری خارجہ اسد مجید کی سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن سے ملاقات

Published On 13 April,2023 08:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے اسلام آباد میں سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، سیکرٹری خارجہ نے سفیر کو یورپی یونین کونسل کی سویڈش صدارت پر مبارکباد پیش کی۔

سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے تناظر میں سویڈش حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا، سویڈش سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقے تجویز کئے، دونوں رہنماؤں نے سویڈن کے سفارت خانے کی عارضی بندش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ تباہ کن سیلاب میں اقوام متحدہ کی معاونت قابل تحسین رہی، بلاول بھٹو

سفیر نے سیکرٹری خارجہ کو آگاہ کیا کہ یہ ایک غیر متوقع صورتحال کی وجہ سے ایک عارضی اقدام ہے جسے جلد ہی درست کر دیا جائے گا، سفارت خانہ مکمل طور پر بند نہیں ہوا، سٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلباءکو سویڈش مائیگریشن ایجنسی بھیجا جا رہا ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے سفیر کو بتایا کہ سویڈش ایمبیسی کی ویب سائٹ پر آویزاں نوٹس گمراہ کن ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال معمول پر ہے، اسلام آباد میں تمام سفارتی مشنز کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اسد مجید نے سفیر پر زور دیا کہ پاکستانی طلباء کو ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کی جائے، سفیر نے پاکستانی طلبا کے مسائل کو فوری اور خوش اسلوبی سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔