متحدہ عرب امارات کی شہباز شریف کو کاپ 28 کانفرنس میں شرکت کی دعوت

Published On 13 April,2023 09:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات، سفیر نے وزیر اعظم کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے کاپ 28 کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔

کاپ 28 کانفرنس 30 نومبر سے 12 دسمبر 2023 تک دبئی میں منعقد ہو گی، وزیر اعظم نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں اماراتی قیادت کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ عزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 17 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔