شارجہ: (دنیا نیوز) افغانستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔
افغانستان نے 131 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، رحمن اللہ گربار 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ابراہیم زدران 44، عثمان غنی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نجیب اللہ زدران 23 اورمحمد نبی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے احسان اللہ اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، عما دوسیم 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے شاداب خان نے 32 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں بغیر کسی رن پر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق آؤٹ ہوئے، اس کے بعد محمد حارث 15، طیب طاہر 13 اور اعظم خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
افغا نستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 2، نوین الحق ،کریم جنت اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں شارجہ میں ہونیوالی پاک افغان ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ، آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا گیا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان، عماد وسیم، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، زمان خان اور احسان اللہ شامل کیا گیا ۔
سیریز کا آخری ٹی 20 میچ 27 مارچ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔