ابوظہبی: (ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ابوظہبی میں رومانیہ کے صدر نے ملاقات کی ہے۔
اماراتی صدر نے ابوظبی کے الوطن پیلس میں ہونے والے سرکاری مذاکرات کے آغاز میں رومانیہ کے صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کے متعدد مسائل اور موضوعات پربھی بات چیت کی گئی،دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
أجريت اليوم محادثات رسمية في أبوظبي مع رئيس رومانيا حول تطوير علاقات التعاون والصداقة بين البلدين.. وشهدنا إعلان اتفاقيات تعزز هذا التعاون في مختلف المجالات، كما تبادلنا وجهات النظر بشأن القضايا الإقليمية والدولية، وأهمية الحوار والتعاون لتعزيز السلام والاستقرار في العالم. pic.twitter.com/WPT74zjP0A
— محمد بن زايد (@MohamedBinZayed) March 20, 2023
فریقین نے دونوں ملکوں کے اہم ترقیاتی شعبوں خصوصااقتصادی، تجارتی، تجددپذیر توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے نئے امکانات کا جائزہ لیا،دونوں ملکوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے او اس حوالے سے نئے دروازے کھولنے کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا کہ’ امارات اور رومانیہ کے تعلقات دیرینہ ہیں،ان کی تاریخ امارات کے قیام کے ابتدائی دور تک جاتی ہے، دونوں ملک مختلف سطحوں پر مسلسل رابطے میں ہیں‘،’موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امارات اور رومانیہ نے 2050 تک جو ہدف مقرر کیے ہوئے ہیں وہ ایک جیسے ہیں‘۔
رومانیہ کے صدر نے شاندار استقبال اور فیاضانہ میزبانی پر اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا، ’امارات پائدار ترقی کے حوالےسے پورے علاقے کے لیے مثال بن چکا ہے‘۔
اس موقع پر متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے،امارات اوررومانیہ نے توانائی اور بنیادی ڈھانچے، تعلیم و تربیت، سائبر سیکیورٹی، ایٹمی توانائی وغیرہ کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔