ابوظہبی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں رمضان کی آمد سے دو ہفتے پہلے ہی سپر مارکیٹس نے اشیائے ضروریہ پر 75 فیصد تک رعایت دینےکا اعلان کردیا۔
متحدہ عرب امارات میں ہائپر مارکیٹس اور سپر مارکیٹس نے رمضان کے لیے اشیاء کی قیمتوں میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے ، رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔
امارات کی تمام ریاستوں میں مختلف قسم کی ڈیلز اور بڑے پیمانے پر رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں کھانے پینےکی اشیاء سمیت روز مرہ استعمال کی دیگر مصنوعات پر بچت اسکیموں سے آن لائن بھی فائدہ اٹھایا جاسکےگا۔
خلیجی اخبار کے مطابق خریدار رمضان کے دوران 10 ہزار سے زائد اشیاء پر 75 فیصد تک کی چھوٹ سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
علاوہ ازیں مختلف کمپنیوں نے ماہ رمضان میں اشیاء کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنےکے لیے اسٹاک کی دستیابی کو 15 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔