اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اجلاس کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے کسی مقام سے شوال کے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
صوبائی زونل رویت ہلال کمیٹیز
قبل ازیں لاہور اور کراچی اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، زونل کمیٹیوں کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
بلوچستان
بلوچستان زونل رویت ہلال کمیٹی کے مولانا عبدالحفیظ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بلوچستان کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی ، کوئٹہ میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے یہاں سے چاند نہیں آیا۔
پنجاب
صوبائی زونل کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی، مفتی محمد اسحاق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی اوقاف عمرہ پر جانے کے باعث شامل نہیں ہوئے، سیکرٹری اوقاف بھی صوبائی زونل کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں چاند نظر آنے کے شواہد نہیں ملے۔
سندھ
حافظ محمد سلفی کے زیر صدارت عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے محکمہ موسمیات کے آفس میں زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کی جانب سے چاند نظر آنے یا نہ آنے کی شہادت کا جائزہ لیا گیا۔
اس حوالے سے حافظ محمد سلفی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
پشاور
پشاور زونل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین قاری عبدلرؤف مدنی کے مطابق پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کو کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، کل روزہ ہے، ہمارے پاس شہادتوں کی اطلاع آئی تھی۔
اسلام آباد
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کا آج سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آج عید الفطر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ گورنر ہاؤس پشاور میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے، کابینہ اراکین اور سرکاری حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔
اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے شوال المکرم کے چاند سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پیر 2 مئی کو سرکاری طور پر عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے، آج صوبے بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔
بھارت سمیت جنوبی ایشیا کے اکثر ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا
جنوبی ایشیا کے اکثر ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں تیس روزے پورے ہونگے اور 3 مئی کو عید ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک میں 30 روزے مکمل ہوگئے ہیں ، وہاں پیر کو عید منائی جائے گی، ملائیشیا، برونائی اور ہانگ کانگ سمیت مشرق بعید کے ممالک میں بھی پیر کو عید منانے کا اعلان کر دیا گیا، وہاں 29 روزوں کے بعد عید کا اعلان کیا گیا۔
ترکی، لبنان، فلسطین، سنگاپور اور آسٹریلیا میں بھی پیر کو عید ہوگی، افغانستان میں عید منائی گئی جہاں گزشتہ روز چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔