کراچی :(دنیا نیوز) شب قدر کی تلاش، رمضان المبارک کی 27ویں رات عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا، مساجد اور گھروں میں نوافل کی ادائیگی، مسلمان رب کائنات کے حضور سربسجود، ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں۔
رمضان المبارک کی 27ویں شب پر کراچی سمیت ملک بھر کی مساجد میں بھی ذکر و اذکار کی خصوصی محفلوں اور صلوٰۃ تسبیح کا اہتمام کیا گیا ہے، فرزندان توحید نے مساجد میں اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگی۔
رحمتوں والے ماہ مقدس کی بڑی رات کے موقع پر فرزندان اسلام نے ختم قرآن مجید کی سعادت حاصل کی، علمائے کرام نے اپنے خطبات میں شب قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔
لیلتہ القدر پر مساجد میں محافل شبینہ اور صلاۃ التسبیح کا اہتمام ہوا، لوگوں نے توبہ، استغفار، بخشش اور ملکی سلامتی کی دعائیں مانگیں، اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لیلتہ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔