دوبئی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات نے رمضان المبارک کی آمد پرایک ہزارسے زائد قیدیوں کے لئے معافی کااعلان کیاہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زایدآل نہیان نے ماہ مقدس سے قبل قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے، یواے ای میں جمعرات سے رمضان کا آغازہوگا۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ صدر محمد بن زاید کے انسانی ہمدردی کے اقدامات کا حصہ ہے اور معافی اوررواداری کی اقدار کی عکاسی کرتا ہے تاکہ معافی یافتہ قیدیوں کو ایک نئی زندگی شروع کرنے اور ان کے اہل خانہ کے مصائب کو کم کرنے کا موقع دیا جا سکے۔
متحدہ عرب امارات میں حکومت ہرسال رمضان کے علاوہ دیگرمقدس مواقع سے قبل قیدیوں کو معافی دے کرجیلوں سے رہا کرتی ہے۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے گذشتہ برس 6 جولائی کو عیدالاضحیٰ سے قبل امارات میں اصلاحی اور تادیبی اداروں سے 505 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب اور یواے ای میں منگل کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ، مقدس مہینے کا باضابطہ آغازجمعرات سے ہوگا۔