بہاولنگر: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور نے سابق صوبائی وزیر کو طلب کر لیا، اینٹی کرپشن کی جانب سے صوبائی وزیر کو 14 اپریل کو صبح 11 بجے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
نوٹس میں شوکت علی لالیکا کو اینٹی کرپشن جوائنٹ ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، اینٹی کرپشن جوائنٹ ٹیم محکمہ پبلک ہیلتھ کی ترقیاتی سکیموں میں خورد برد کے معاملے پر انکوائری کر رہی ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا کا کہنا ہے کہ غلط، جھوٹے کیسز میں ملوث کر کے پی ٹی آئی چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
شوکت لالیکا نے کہا کہ اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، امپورٹڈ حکومت کے ہر انتقامی ظلم و جبر کا مقابلہ کریں گے۔