اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس شروع ہو گیا جس کی صدارت سپیکر راجا پرویز اشرف کر رہے ہیں۔
اس موقع پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کے علاوہ سب کو پارلیمنٹ ہاؤس سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی، وزراء اور مشیران کے علاوہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم خصوصی طور پر شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عسکری حکام ملک کی سکیورٹی کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر بریفنگ دیں گے۔
اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کو آج ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی، ارکان چاہیں تو وہ سوالات بھی کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قطعاً کوئی ایسی بات نہیں کی جائے گی جس سے صورت حال خراب ہو بلکہ صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔