شیخ رشید کیخلاف درج 2 مقدموں میں کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع

Published On 15 April,2023 12:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف درج 2 مقدموں میں کارروائی روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع کر دی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کے خلاف آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے کیس کی گزشتہ سماعت کا 4 صفحات کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکم نامے کے مطابق لسبیلہ اور موچکو میں درج مقدمات کے حکم امتناع میں 31 مئی تک توسیع کی جاتی ہے، شیخ رشید پر الزام ہے بلاول بھٹو کے خلاف غلیظ اور غیراخلاقی الفاظ استعمال کیے، عدالت کی معاونت کریں، غلیظ اور غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر کونسی دفعہ لگتی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر، سماعت 3 جون تک ملتوی

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ معاونت کریں پولی کلینک اسلام آباد میں کہی بات پر کراچی میں مقدمہ کیسے درج ہو سکتا ہے؟ لسبیلہ تھانے میں درج مقدمے کا مدعی عدالتی نوٹس کے باوجود حاضر نہیں ہوا، مدعی کو دوبارہ نوٹس جاری کیا ہے، آئی جی بلوچستان اور آر پی او نوٹس کی پیروی کرائیں۔

حکم نامے کے مطابق تھانہ موچکو میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا، تھانہ موچکو پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کیا ہے، آئی جی سندھ، آر پی او نوٹس کی پیروی کرائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامے میں کہنا ہے کہ لسبیلہ پولیس کی جانب سے بھی کوئی پیش نہیں ہوا، دوبارہ نوٹس جاری کیا ہے، لسبیلہ پولیس کو بھی آئی جی بلوچستان اور آر پی او نوٹس کی پیروی کرائیں۔ 

Advertisement