اسلام آباد: (دنیا نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر کر دی گئی، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے پر سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
شیخ رشید کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اخراج مقدمات کی درخواستیں دائر ہیں، ہائی کورٹ سے فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا، قوم ساتھ، عدلیہ جیتے گی: شیخ رشید
جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا معاملہ چل رہا ہے؟
وکیل شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شکایت کسی سرکاری افسر نے فائل نہیں کی، شیخ رشید کے خلاف شکایت پیپلزپارٹی کے ایک عام ورکر نے دائر کی ہے، شیخ رشید کے خلاف موچکو، کراچی، اسلام آباد اور مری میں مقدمات درج ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی اور درخواست کی کاپیاں آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔
بعدازاں شیخ رشید کے وکلاء کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر اخراج مقدمے کی کاپی جمع کروا دی گئی۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے پر کیس کی کارروائی 3 جون تک ملتوی کر دی۔