مبینہ آڈیو لیک کیس، علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری

Published On 15 April,2023 07:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اعلی امین گنڈاپور کے خلاف مبینہ آڈیو لیک میں دھمکی دینے کے کیس میں تفتیشی افسر غیر حاضر ہونے کی وجہ سے ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا۔

تھانہ گولڑہ میں علی امین گنڈاپور کیخلاف مبینہ آڈیو لیک میں دھمکی دینے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے سماعت کی، تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سرگودھا:علی امین گنڈاپور 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پراسیکیوٹر عدنان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چند قانونی پہلو جوڈیشل مجسٹریٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں، مخصوص قانونی پہلوؤں کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت سیشن عدالت میں ہو سکتی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت سیشن عدالت بھیج دی۔

سیشن جج ناصر جاوید رانا نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان کو مارک کر دی، جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، کیس کی مزید سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔