اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی جانب سے استعفی کے مطالبے پر وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا بھی ردعمل سامنے آ گیا۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ میرے استعفیٰ کا مطالبہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نہیں ہوا، یہ کسی فرد واحد کی خواہش ہو سکتی ہے، جس کے گھر گیس نہیں جا رہی شاید اس نے استعفیٰ مانگا ہو، میرے دوست ہیں سارے، میں ان سے ملوں گا، اگر کسی کو میرا استعفیٰ چاہیے تو باضاطہ طور پر مانگے، جس کو میرا استعفی چاہیے وزیر اعظم کو بتائے۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید کہا ہے کہ گیس سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں، کراچی سے میں خود ہو کر آیا ہوں ہر ٹی بی ایس کو چیک کیا ہے، وعدے کے مطابق گیس فراہم کر رہے ہیں، رمضان میں گیس کی کھپت بڑھ جاتی ہے، افطار اور سحری کے وقت میں گیس فراہم کی جا رہی ہے۔