لاہور : (دنیانیوز) ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور جماعتِ اسلامی پاکستان کے مابین مذاکرات کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پرتین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، تین رکنی کمیٹی میں پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چودھری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں ۔
موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے کل چئیرمین عمران خان اور سراج الحق صاحب کی ملاقات کے بعد جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لئے تحریک انصاف کی 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کے رکن پرویز خٹک، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید ہوں گے۔ pic.twitter.com/vB1le5Vg50
— Asad Umar (@Asad_Umar) April 16, 2023
تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے جماعتِ اسلامی پاکستان سے مذاکرات کرے گی۔
یاد رہے کہ ملک میں جاری سیاسی تناؤ کم کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں ۔
ملاقاتوں کے بعد جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات مفید رہی اور مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شہباز شریف اور عمران خان کو مذاکرات کیلئے منا لیا
رواں ہفتے کے آغاز میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے بھی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنے اور انتخابات کے لیے ایک ہی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔