فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ میڈیا تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کارٹون نیٹ ورک یا انٹرٹینمنٹ چینل پر چلائے، نیوز چینلز پر جھوٹ کو نہ چلائیں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری اور حماد اظہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ ہر روز "ہیکل اینڈ جیکل" ٹی وی پر مفت میں شکل دکھانے آ جاتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں، ایک کو اس کے چئیرمین نے ہفتے بعد کان سے پکڑ کر وزارت سے نکال دیا تھا، دوسرا گالیاں دے کر چیئرمین اور اس کی بیگم کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ گھر میں داخلے کی اجازت مل جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ اپنی حکومت کے چھ مہینے تک جنہیں سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ آئی ایم ایف جانا ہے یا نہیں، انہیں معیشت پر بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، "ہیکل اینڈ جیکل" بتائیں اقتدار سے نکلتے ہوئے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کیوں کی تھی، 5 اگست 2019 کرانے اور سینکڑوں کشمیریوں کی شہادت کا باعث بننے والوں کو آج کشمیر کی یاد آگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی زندگی اور جیت کی دعائیں مانگنے والوں کو آج ستیا پال کے بیان کی یاد آگئی، بھارت، اسرائیل اور امریکہ سے فارن فنڈنگ لینے والوں کی زبان درازی اور منافقت مثالی ہے، اپنے انکل زلمے خلیل زاد سے کہیں کہ مسلمان پارلیمنٹیرین عتیق احمد اور ان کے بھائی کے قتل کی مذمت کرے، اپنے امریکی انکلز سے کہیں کہ مودی اور ادتیا ناتھ کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکیں۔