اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار کو دوبارہ مخصوص نشست کے لئے اہل قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رہنما پی ٹی آئی شاندانہ گلزار کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں دوبارہ مخصوص نشست کے لئے اہل قرار دے دیا۔
شاندانہ گلزار کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر عاطف رحیم برکی عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاندانہ گلزار کی جگہ دوسری خاتون روحیلہ حامد کا نوٹیفائی کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے مخصوص نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا، الیکشن کمیشن نے ان کی جگہ دوسری خاتون روحیلہ حامد کے کاغذات نامزدگی منظور کئے تھے، شاندانہ گلزار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔