اسلام آباد: (دنیا نیوز) مصروفیات کی وجہ سے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب میں حاضر نہیں ہو سکا، چیف جسٹس نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے خط میں لکھا کہ میں پارلیمنٹ کی تقریب میں اپنی عدالتی مصروفیات کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکا، آئین پارلیمنٹ کو ریاست میں قوانین وضع کرنے کا اختیار اور اہم ذمہ داری تفویض کرتا ہے، آئین پاکستان کے تحت ہمارے قوانین ہمارے سیاسی، سماجی اور معاشی اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے ہماری قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے خط میں مزید لکھا کہ میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کہ پارلیمان ایسے اچھے قوانین تشکیل دے جو آئین پاکستان کے اعلیٰ معیار پر پورے اتریں اور میں اس خواہش کا بھی اظہار کرتا ہوں کہ یہ قوانین آئین کے مطابق قوم کی ترقی، خوشحالی اور امن میں رہنمائی بھی کریں۔