اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان، سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخابات کے لئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ای سی پی کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی فنڈز سے متعلق رپورٹ کو حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کیلئے فنڈز نہیں مل سکے، سٹیٹ بینک کی طرف سے رقم منتقل نہیں کی گئی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب کے فنڈز فراہمی کا سپریم کورٹ کا حکم تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا، فنڈز کے بغیر الیکشن کیلئے انتظامات ممکن بنانا مشکل ہے۔
وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے حکام نے بھی اپنی رپورٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
رپورٹ میں رقم منتقلی نہ ہونے کی وجوہات شامل ہیں، رپورٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کے آفس میں جمع کرائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے فنڈز کی فراہمی کے حوالے الیکشن کمیشن کو آج رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق کیس میں سٹیٹ بینک کو پیر تک 21 ارب روپے براہ راست الیکشن کمیشن کو جاری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز قومی اسمبلی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز کا اجرا مسترد کر دیا تھا۔