رحیم یار خان: (دنیا نیوز) کچے کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن دسویں روز میں داخل ہوگیا، اب تک پولیس نے کریمنلز کے درجنوں ٹھکانے تباہ کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوران آپریشن بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
عسکریت پسندوں کے ساتھ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ اور پولیس کی کریمنلز کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے، پولیس نے کوکانی گینگ کے مزید 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 18 ہوگئی ہے جبکہ 3 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مختلف اقسام کے بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جن میں لانچرز، راکٹس، ایل ایم جینز، ہینڈ گرنیڈز، درجنوں کلاشنکوفس اور ہزاروں مختلف بور کی گولیاں شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے خطرناک عسکریت پسند کریمنل قابل سکھانی کے خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے ان کا گھیراؤ کر لیا ہے جہاں مسلح عسکریت پسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جزیرہ نما دشوار گزار دریائی علاقہ ہونے کے باوجود پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دوران آپریشن ٹارگٹ کو ہٹ کرنے کیلئے سنائپرز کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، پولیس نے نو گو ایریا میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مزید دو کیمپ قائم کر دیے ہیں، جلد کریمنلز کو قانون کی گرفت میں لا کر پولیس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔