وہاڑی: (ویب ڈیسک ) پنجاب کے ضلع وہاڑی تھانہ ٹھینگی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قتل ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں مطلوب بین الاضلاعی 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو ٹھینگی کے علاقے میں ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ 159 ڈبلیو بی کے قریب پولیس کا ملزمان کے ساتھیوں سے سامنا ہو گیا، ملزمان کے 4 نامعلوم ساتھیوں نےدو موٹر سائیکل ملزمان کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے لیے سیدھی فائرنگ کر دی، ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے گرفتار ملزمان رضوان اور قربان موقع پر ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ سے ملزمان کے ساتھی موٹر سائیکل پھینک کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں نے گزشتہ شب لڈن میں گھر میں ڈکیتی ، موٹر سائیکل چھیننے اور شہری کے قتل کی تین وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان کو پولیس نے گزشتہ روز ہی گرفتار کر لیا تھا اورملزم ریمانڈ پر تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈکیت لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور ضلع وہاڑی کے مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھے۔