لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اپنی ظہور الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کے خلاف بول پڑے۔
اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بکتر بند گاڑی سے گھر کا گیٹ توڑنا قابل مذمت ہے، پولیس پرویز الہٰی کے گھر پر گئی تو انہیں بتایا گیا کہ وہ چودھری شجاعت حسین کے گھر ہیں، اطلاع پر پولیس والے پرویز الہٰی کا گھر چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑ پڑے، پولیس کو میرے دونوں بیٹوں نے روکا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پولیس نے میرے گھر کے دروازے توڑنے کی کوشش کی، چودھری سالک حسین کے ہاتھ پر ٹانکے لگے، 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد پولیس واپس چلی گئی، سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں، جس طرح بکتر بند گاڑی کے ساتھ مین گیٹ توڑا گیا اس کی سخت مذمت کرتا ہوں۔
سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سارے معاملے کے پیچھے جو بھی ہے حکام بالا اس کو کیفر کردار تک پہنچائیں، گھر پر حملے کے خلاف ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ملکی سطح پر معاملات مزید خراب ہوں، پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے، مزدوروں کا کوئی دن نہیں ہوتا بلکہ ہر دن مزدور کا ہی ہوتا ہے۔