حکومت کی عدم دلچسپی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا منصوبہ رول بیک ہونے کا خطرہ

Published On 17 April,2023 12:30 pm

ملتان :( نعمان خان بابر ) حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا منصوبہ رول بیک ہونے کا خطرہ ہے ، ٹھیکیدار نے ڈالر کی اڑان کو جواز بنا کر تخمینہ لاگت میں 6 کروڑ روپے کااضافہ ہونے پر منصوبے پر جاری کام بند کر دیا ۔

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبہ کی تعمیر میں ایل سی بند ہونے سے سٹیل ورک ، جنریٹرز ، ایلی ویٹرز، فائر پمپس ، کولنگ ٹاورز اور ائیر کنڈیشنز کی امپورٹ بھی مشکل کا شکار ہے ، تین ارب 45 کروڑ روپے کے فنڈ متعلقہ کمپنی حوالے کرنے کے باوجود منصوبہ کو مقررہ جولائی کی نئی ڈیڈ لائن میں پوراکرنا خواب بن گیا ۔

اس منصوبے پر انجینئرنگ کے  لحاظ سے 26 فیصد کام مکمل ، جی او آر کے حساب سے 51 فیصد جبکہ بلڈنگ سٹرکچر کے حساب سے 80 فیصد کام مکمل ہے تاہم تخمینہ لاگت میں اضافے پر ٹھیکیدار نے آئی ڈیپ کو دوبارہ پر پوزل بنا دی ہے جس پر حتمی فیصلے کے بعد ہی کام کے حوالے سے صورتحال واضح ہو گی ۔

جاری تعمیراتی کام کی بندش سے خدشہ ہے کہ منصوبے کا حال بہاولپور سیکرٹریٹ جیسا بھی ہو سکتا ہے جس کیلئے سیاستدانوں کو بھی کاوشیں تیز کرنا ہونگی ۔

اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب فاروق ڈوگرنے  روزنامہ دنیا سے گفتگو میں کہا کہ ملتان میں سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے پر کا م شروع کیا گیا جس کیلئے حکومت نے 3450 ملین بھی متعلقہ کمپنی کے حوالے کر دئیے لیکن پنجاب حکومت کی تبدیلی کے باعث منصوبے پر جاری کام سست روی کا شکار ہو گیا ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ڈالر کی اڑان سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تخمینہ لاگت میں چھے کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کو جواز بنا کر ٹھیکیدار نے منصوبے پر جاری کام ہی بند کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب فاروق ڈوگر نے بتایا  کہ بلڈنگ کا سامان مہنگا ہونے سے منصوبے کے تخمینہ لاگت میں اضافہ ہو چکا ہے جس کیلئے  ٹھیکدار نے متعقلہ کمپنی کو نئی پر پوزل بنا کر دے دی ہے تاہم منصوبے کے تخمینہ لاگت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے جس کیلئے پر پوزل کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوتا رہا تو تخمینہ لاگت مزید بڑھنے پر منصوبے کو مکمل کرنا بھی مشکل ہو جائیگا جس سے منصوبہ رول بیک ہونے کا بھی امکان ہے جس کیلئے ارکان اسمبلی کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا ۔

فاروق ڈوگر نے مزید  کہا کہ سیکرٹری سروسز نے یوٹی اے سی کو جنوب پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے پر مختلف ٹاسک دے دئیے ہیں جس سے کام کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے صورتحال جلد واضح  ہو جا ئیگی ۔
 

Advertisement