رحیم یار خان : (دنیانیوز) سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن آٹھویں روز بھی کامیابی سے جاری ہے جس میں اب تک متعدد ڈاکوؤں کو ہلاک و گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کی کچہ کراچی میں بھاری ہتھیاروں اور بکتربندگاڑیوں کے ساتھ پیش قدمی مسلسل جاری ہے ، پولیس نے ڈاکوؤں اور عسکریت پسندوں کے مزید چار ٹھکانوں کو نذر آتش کر کے قبضہ جمالیا ہے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کاکہنا ہے کہ پولیس اور عسکریت پسند گروہوں کے درمیان کچہ کراچی میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ میں متعدد ڈاکو ہلاک اور گرفتار ہو چکے ہیں ، کریمنلز کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں سمگل شدہ ہیوی اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کے مسلح دستے نو گو ایریا بستی کابل لٹھانی میں داخل ہوگئے ، خطرناک لٹھانی گینگ کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کرتے ہوئے علاقے کو قبضہ میں لے لیا گیا، جبکہ بستی غنی لٹھانی میں بھی آپریشن کے بعد پولیس نے کنٹرول سنبھال لیاہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے نوگو ایریا سمجھا جانے والا ہزاروں ایکڑ رقبہ کو کریمینلز سے کلئیر کروا کر ریاست اور قانون کی رٹ بحال کر دی، پولیس نے اندرون کچہ کراچی بنگلی،افضل لٹھانی اور نوز بند پر کیمپ قائم کر لیے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ڈاکو پولیس کی جوابی کاروائی پر بے بس ہوکر جزیرہ نما دریائی جنگل میں روپوش ہو گئے ہیں ۔
ترجمان پولیس کے مطابق ریاستی اور قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے بعد پولیس نے فتح کا نعرہ بلند کر دیا ۔