لاہور: (ویب ڈیسک ) نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
نگران مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے پہلا قدم اٹھایا ہے، نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کے منصوبے پر 16 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا ہاکی کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق سہولت فراہم کر رہے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی واپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم ہے اسے مزید بہتر بنائیں گے، ایف آئی ایچ کی منظوری کے بعد ہاکی کا انٹرنیشنل ایونٹ کرایا جائے گا، جلد ہاکی نیشنل سائیڈ ایونٹ کرائیں گے۔
وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا نیشنل ہاکی ایونٹ میں ملک بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے، نجی شعبے کے تعاون سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کریں گے۔