مانگا منڈی: (دنیا نیوز) مانگا منڈی میں شام ساڑھے 5 بجے کے قریب ہونے والے سلنڈر دھماکے کا معاملہ نیا رُخ اختیار کر گیا۔
دھماکہ والے مکان کے بند کمرے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، کمرے کی اندر سے کنڈی لگی ہوئی تھی اور باہر سے بھی تالا لگا ہوا تھا، پولیس نے معاملہ مشکوک جانتے ہوئے فرانزک ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کر لیا۔
دھماکہ کی شدت سے پچھلے گھر کی چھتیں بھی اُڑ گئیں، اردگرد کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا
ایس ایچ او مانگا منڈی کا کہنا تھا کہ سلنڈر دھماکہ سے اتنا بڑا نقصان نہیں ہوتا، دھماکہ اتنا خوفناک تھا کہ ایک کلو میٹر تک اس کی آواز سنی گئی، شک ہے کہ مرنے والا خود کش جیکٹ بنا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ سے 3 بچوں اور خاتون سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو ریسکیو ٹیم نے میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا، زخمیوں میں ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا زرملان میں آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید
زخمی ہونے والے بچوں کی شناخت احمد، عبداللہ اور طلحہ کے نام سے ہوئی، دھماکے کی آواز سن کر اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پورے محلہ کو سیل کر دیا۔