ملتان: (دنیا نیوز) محکمہ خوراک نے جنوبی پنجاب میں گندم خریداری کا ہدف 15 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا ہے تاہم بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان کے باعث پیداواری ہدف کم ہونے پر خریداری کا ہدف پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
جنوبی پنجاب میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ نے 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف پورا کرنے کیلئے باردانہ کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
موجودہ صورتحال میں بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی فصل 2 لاکھ میٹرک ٹن کم ہوئی ہے جس سے پیداوار متاثر ہونے پر گندم خریداری کا مقررہ ہدف پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے، اس صورتحال میں کسانوں نے حکومت سے نقصان کے ازالے کیلئے ریلیف پیکج دینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی فی ایکٹر پیداوار 45 من سے کم ہو کر 30 من تک رہ گئی ہے۔
پیدوار میں کمی کے باوجود ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رواں سال حکومت کی جانب سے 39 سو روپے گندم کی مقرر کردہ قیمت کافی حد تک بہتر ہے، خریداری کا مقررہ ہدف ہر صورت پورا کر لیں گے۔