لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیر التواء این او سیز یکم مئی تک جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے بے روزگاری میں کمی اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدام اٹھاتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام این او سیز 15 روز میں کلیئر کرنے کی ہدایت کر دی، نئے پٹرول پمپس لگنے سے نوجوانوں کیلئے ملازمت کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔
پنجاب کے تمام اضلاع میں پٹرول پمپس کیلئے 1264 درخواستیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار ہیں، ہر پٹرول پمپ پر اوسطاً 30 سے 35 لوگوں کو روزگار ملے گا، 1200 سے زائد پٹرول پمپس کو این او سیز ملنے سے 30 ہزار سے زائد لوگ برسر روزگار ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے غیر ضروری تاخیر ختم اور قانونی تقاضے پورے کر کے پٹرول پمپس کے این او سیز کا فوراً اجراء کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این او سیز کے اجراء میں شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کا حکومت پر اعتماد بڑھے۔