لاہور : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع راجن پور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت الیاس اور عرفان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جو خفیہ ادارے پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی اطلاع کی موجودگی پر جب چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی اور دو گروہوں میں سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کرتے رہے۔
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد اپنے ہی دیگر دہشت گرد ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹر ، پرائمہ کوڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تین دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔