پشاور: (دنیا نیوز) پاک فوج کا طور خم بارڈر پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔
پاک افواج اور ایف سی کی امدادی ٹیموں نے طور خم بارڈر پر زیادہ ترراستہ کھول دیا ہے۔
امدادی ٹیموں کے سرچ آپریشن میں جاں بحق افراد کی تلاش بھی جاری ہے، 4 لاشوں سمیت 12 زخمیوں کو ملبے سے اب تک نکالا جاچکا ہے۔
پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کاوشیں راستہ کلئیر کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
پاک آرمی کے انجینئرز یونٹ اور آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں کوشاں ہیں۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو طور خم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے 30 مال بردار گاڑیاں اور کنٹینرز ملبے تلے دب گئے تھے جبکہ 5 کنٹینرز میں میں آگ بھی لگ گئی تھی۔
حادثے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر خان کے مطابق پہاڑی تودہ گرتے وقت گاڑیوں میں عملہ بھی موجود تھا جس کی وجہ سے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔