راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عید کے بعد الیکشن ہوں گے یا حکومت نااہل ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف لندن جائیں گے، پاکستان اپنی شرائط کے الیکشن تک نہیں آئیں گے، نگران حکومتیں آئینی طور پر ختم ہوچکی ہیں، ان کی ترقیاں، تنزلیاں، گاڑیاں دفتر سب واپس ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ڈبل گیم کھیل رہے ہیں، 27 اپریل تک 21 ارب روپے جاری کرنے ہوں گے ورنہ سنگین نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہنا ہوگا، سازش کے تحت فضل الرحمان کو مذاکرات سے نواز شریف کے اشارے پر باہر رکھا جا رہا ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) April 20, 2023
شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین اور قانون کا جھنڈا بلند رکھا اور سیاسی جماعتوں کو گنجائش بھی دی لیکن جو جماعتیں عوام میں جانے کے قابل نہیں وہی الیکشن میں رکاوٹ بن رہی ہیں، حکومت اپنے جال میں خود پھنس گئی، انہیں حالات کی سنگینی کا اندازہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف، وزیر داخلہ اور وزیرقانون توہین عدالت کے ریڈار میں ہوں گے، سپریم کورٹ کا حکم 14 مئی کو الیکشن کروانا فائنل ہے جس میں تبدیلی کی گنجائش نہیں، مذاکرات کے نام پر وقت ضائع کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔