سپریم کورٹ کا فیصلہ ملکی حالات کی سمت کا تعین کرے گا: شیخ رشید

Published On 18 April,2023 11:27 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک معاشی، سیاسی، آئینی، اقتصادی اور عدالتی بحران کے نرغے میں آگیا ہے، اس ہفتے میں سپریم کورٹ کا ہونے والا فیصلہ ملکی حالات کی سمت کا فیصلہ کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو پیسے ٹرانسفر کرا کر رہے گی، جو سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانے گا وہ اپنے انجام کو پہنچے گا، 90 دن گزر گئے ہیں، نگران حکومتیں ختم ہوگئی ہیں، سپریم کورٹ سارے ملک کو بحران سے نکالے گی۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ جس میں ممبر ہی نہیں آتے اور وہ 85 رکنی غیر قانونی کابینہ عدالت کا خاک مقابلہ کرے گی، عدلیہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اسی ہفتے پوری کرے گی، ساری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے، پیسے بھی دینے ہوں گے، الیکشن بھی ہوں گے اور انتظامات بھی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری پر کوئی اجلاس نہیں ہو رہا، وزیر خزانہ لاپتہ ہیں، وزیر داخلہ اور وزیر قانون عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں، وزراء کے بیانات آرٹیکل 6 کو دعوت دے رہے ہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پٹرول سستا اور پاکستان میں پٹرول، ایل پی جی 10 روپے مزید مہنگا کر کے حکومت نے عوام کا کچومر نکالا ہے، اب عوام ان کا کچومر نکال دے گی، رواں ہفتے آرپار ہو جائے گا۔
 

Advertisement