فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سرگودھا کے مبینہ قبضہ مافیا پر ٹکٹوں کی برسات کر دی۔
عمران خان کے دور حکومت میں خود کو سر عام قبضہ مافیا کہنے والے عامر چیمہ کے خاندان پر نوازشات کی برسات کر دی گئی، سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے والے عامر چیمہ کے کزن فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔
سابق ایم این اے عامر چیمہ کی خود کو قبضہ مافیا کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے، جس میں برملا اعتراف کر رہے ہیں کہ ہاں میں بہت بڑا قبضہ مافیہ ہوں، عمران خان کو بھی معلوم ہے کہ میں بہت بڑا قبضہ مافیہ ہوں، جس کو جو اکھاڑنا ہے اکھاڑ لے۔
فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری ہونے پر حلقے کے نظریاتی کارکنوں نے کپتان کے فیصلے سے ناخوش کا اظہار کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی مخالفت کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے فیصل چیمہ پنجاب اسمبلی میں چودھری پرویز الہٰی کی اعتماد کے ووٹ کی تحریک کے دوران غیر حاضر رہے جس پر پارٹی نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے شوکاز جاری کیا تھا۔
شوکاز نوٹس میں فیصل چیمہ کو پارٹی چئیرمین عمران خان کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ آپ نے بطور پارلیمانی رکن پی ٹی آئی واضح ہدایات کے باوجود پارٹی پالیسی سے انحراف کیا۔