مہنگائی نے عوام سے عید کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں: چودھری پرویز الہٰی، مونس الہٰی

Published On 21 April,2023 09:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کی جانب سے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارک باد دی گئی۔

اپنے خصوصی پیغام میں تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اس مبارک موقع پر پوری قوم کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے عزم، جذبہ اور ولولہ سے کام کرنے کا عہد کرنا ہو گا تاکہ ہر طبقہ اور شعبہ کے لوگوں کو خوشحالی، انصاف اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عید پر پاک فوج کے شہداء کے خاندانوں، بیواؤں، یتیموں اور خصوصی طور پر غریب بھائیوں کا خیال رکھیں، یہ عید ایک ایسے وقت پر آئی ہے جب پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، موجودہ حکومت کی پیدا کردہ خوفناک مہنگائی نے عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ وہ لوگ جو کل تک عید پر دوسروں کی مدد کرتے تھے آج خود دوسروں سے مدد مانگ رہے ہیں، پیٹرول کی قیمتیں اور کرائے بڑھنے سے بہت سارے لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید کرنے سے محروم ہو گئے ہیں۔

چودھری مونس الہٰی نے کہا کہ اس عید پر ان بہن بھائیوں کو خاص طورپر اپنے ساتھ خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے جو اپنے بچوں کیلئے خریداری نہیں کر سکے، اسوہ رسولؐ بھی یہی ہے کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ان مسلمان بہن بھائیوں کو فراموش نہ کریں، ان لوگوں کا خیال بھی رکھیں جو عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے ہماری طرف دیکھتے ہیں۔