اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے اقتدار میں رہنے کیلئے فوج سے عدلیہ تک سب کو متنازع بنا دیا، پاکستان کے عوام اشرافیہ کی پاکستان کو برما یا شمالی کوریا بننے کی خواہشوں پر پانی پھیر دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تمام اداروں کو متنازع بنا کر اقتدار میں رہنا چاہتی ہے، یہ جماعتیں الیکشن سے بچنے کے لئے سپریم کورٹ کے خلاف مہم چلا رہی ہیں، سپریم کورٹ کس قانون کے تحت حکم دے کہ انتخابات نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو واحد صورت سری لنکا ماڈل پر عمل کرنا ہوگا، عوام اپنے حقوق سر نڈر نہ کریں، پاکستان کے عوام اشرافیہ کی پاکستان کو برما یا شمالی کوریا بننے کی خواہشوں پر پانی پھیر دیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم آفس اور وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو ریلیز کی گئیں تو ہم نے سپریم کورٹ سے بار بار درخواست کی کہ یہ سلسلہ تباہ کن ہے، اگر ملک کے وزیر اعظم کا دفتر اتنا غیر محفوظ ہے کہ وہاں ہر میٹنگ کی ریکارڈنگ ہو رہی ہے تو باقی کون محفوظ ہوگا؟ ایجنسیوں کا یہ کردار کس مہذب ملک میں ہے؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ درخواست مہینوں گزرنے پر بھی ابھی تک سپریم کورٹ میں نہیں لگی، اب جج، سیاستدان، سرکاری ملازم حتیٰ کہ گھریلو خواتین بھی اس تھرڈ کلاس سوچ کا شکار ہیں اور کوئی کچھ نہیں کر سکتا، فیئر ٹرائل لاء کے تحت ایسی غیر قانونی فون ٹیپنگ کی سزا 3 سال قید ہو سکتی ہے۔