چودھری شجاعت حسین اور سراج الحق کا ملک میں ایک ہی دن الیکشن پر اتفاق

Published On 23 April,2023 11:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی اور عید کی مبارکباد دی۔

سراج الحق نے چودھری شجاعت حسین کا فون کرنے پر شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، امیر جماعت اسلامی اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کروانے پر اتفاق بھی کیا۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا، وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا، پنجاب کا وزیر اعلیٰ دیگر الیکشنز میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا، اس طرح ملک میں افراتفری پیدا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سراج الحق کا پرویز الٰہی کو ٹیلیفون، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ چودھری پرویز الہٰی، سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے جو کہ عمران خان دے چکے ہیں، پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں، میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چودھری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں آپ اپنا کردار ادا کریں، چودھری شجاعت حسین واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں، آپ کردار ادا کریں کہ ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہوں۔