شکست کے خوف سے الیکشن نہ کرانے کے تباہ کن نتائج ہوں گے: عمران خان

Published On 24 April,2023 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر ننگے حملے کے مترادف ہے، محض شکست کے خوف اور اپنے مفادات کیلئے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل فیصلے کیلئے جمہور سے رجوع ہے، دستورِ پاکستان کی رو سے اقتدار اعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ، اختیارات کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام اپنے اختیار کو صاف شفاف طریقے سے منتخب نمائندوں کے ذریعے بروئے کار لاتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے قیام و اساس کا مقصد ہی ملک میں عدل و انصاف کا قیام، قانون و دستور کی حکمرانی ہے، 1996 سے آج تک تحریک انصاف نے اپنے نصب العین کے حصول کیلئے مکمل طور پر پرامن، جمہوری و آئینی جدوجہد کی ہے، جمہور کے ووٹ کے حق کو غصب کرنے والوں کے ہاتھوں آئین کا قتل روکنے کیلئے میدان عمل میں ہیں۔

عمران خان نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر طبقہ ملک میں فسطائیت و وحشت کی تاریخ رقم کر رہا ہے، چوروں کو قبول کروانے کیلئے قانون اور بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، بے گناہ نوجوانوں کے اغواء اور ان پر عقوبت و تشدد کا سفاک سلسلہ جاری ہے، انتخاب میری یا تحریک انصاف کی نہیں، ملک و قوم کی ضرورت ہے، اسمبلیوں کی تحلیل سو فیصد آئینی و جمہوری راستہ ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ آئین 90 روز سے تجاوز کی اجازت نہیں دیتا، عدلیہ خصوصاً سپریم کورٹ قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، تحریک انصاف کا ہر کارکن اور قوم آئین کی بالادستی کیلئے اپنی عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے، انتخابات کیلئے مکمل یکسو اور تیار ہیں، التواء کی غیرآئینی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔