لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وزیر فیاض الحسن چوہان نے حالیہ آڈیو لیک پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے حالیہ آڈیو لیک سے متعلق دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی پرفارمنس آڈیو ویڈیو لیکس کے علاوہ کچھ نہیں، حکومت خفیہ اداروں کو ناجائز خواہشات کی تکمیل کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی ساس کے خیالات پر سیخ پا ہونے والے اُن کے داماد اور بیٹی کی ساس سے خیالات بھی سن لیں، نااہل حکمران اپنے مخالفین اور ججز کی ذاتی زندگیوں میں جھانکنا چھوڑ دیں، پی ڈی ایم اور ن لیگ پنجاب میں آئین کے مطابق الیکشن کرائے اور حیلے بہانوں سے گریز کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی قیادت الیکشن کے میدان میں اتر کر شیر بن کر دکھائے اور بھیگی بلی بننا چھوڑ دے، 27 اپریل کو الیکشن چوروں کی سیاست نیست و نابود ہو جائے گی۔