اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی جریدے بلوم برگ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران خان اپنی ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور امریکا سے دوبارہ تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق عمران خان تیزی سے پاکستان کو بحران اور انتشار کی جانب دھکیل رہے ہیں، بحران کے نتیجے میں پاکستان میں جمہوری عمل کے مستقبل کے بارے میں تشویش بڑھ گئی ہے، عمران خان کی قبل از وقت انتخابات کی خواہش نے پاکستان کو ایک آئینی بحران میں دھکیل دیا ہے۔
بلوم برگ میں شائع ہوئے مضمون میں مزید لکھا گیا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال معاملے میں مرکزی کردار بن چکے ہیں، چیف جسٹس نے عمران خان کی جانب سے دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بعد ازخود نوٹس لے کر انتخابات کا حکم جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں: سپریم کورٹ میں جمع خفیہ رپورٹ میں انکشاف
مضمون کے مطابق وفاقی حکومت چیف جسٹس کی اس مداخلت کو قبول کرنے پر تیار نظر نہیں آ رہی، چیف جسٹس اور وفاقی حکومت کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، عمران خان کی ناکام خارجہ پالیسی اور ملک کی ڈوبتی اقتصادی صورتحال نے تحریک عدم اعتماد کا راستہ اپنایا۔
بلوم برگ نے مزید لکھا ہے کہ حکومت کے مطابق اس وقت عمران خان کے پیدا کردہ حالات کی وجہ سے ڈیفالٹ سے بچنے، آئی ایم ایف پروگرام بحالی کی ضرورت ہے، پاکستان کی سپریم کورٹ میں تقسیم نظر آ رہی ہے، تشدد کی فضا قائم ہونے کا بھی خدشہ ہے۔