لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو تیار کرنا ہے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔
زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی جنگ اس لئے ہے ہر کوئی قانون کے نیچے ہو، آزادی چاہتے ہیں تو وہ پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، آزادی کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، غلامی میں ہمارے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم باہر جا کر کہتا ہے مانگنے نہیں آیا مجبوری ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ غلام ذہنیت کے لوگ ہیں، یہ اپنے پیسے کے غلام ہیں، ہم ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، عوام کو تیار کرنا ہے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا، جہاں بڑے چوروں کو نہ پکڑا جائے تو وہ قوم نیچے چلی جاتی ہے۔
چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عام انتخابات کے حوالے سے حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی، پاکستان کو مشکل سے نکالنا ہے تو انصاف کا نظام ٹھیک کرنا پڑے گا، ایک کروڑ پاکستانی باہر ہیں وہ سرمایہ کاری کریں گے تو ڈالر آ جائیں گے۔