ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پاک مہینے کی برکت سے پاکستان کی خیر فرمائے۔
عید الفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج تعلقات نے بہتری کی طرف رخ اختیار کیا ہے، سعودی عرب اور ایران کے وزرا خارجہ میں نئی گرم جوشی دکھائی دے رہی ہے، ترکی اور سعودی عرب میں نئے سفر کا آغاز ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود نے کہا ہے کہ دیگر ممالک میں خلیج کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے، بڑے عرصے بعد امہ یکجا ہو رہی ہے، بلاول زرداری بھارت تشریف لے جا رہے ہیں، امید کرتا ہوں بلاول مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو نہیں بھولیں گے، امید کرتا ہوں وہ حریت لیڈر شپ سے ملاقات کریں گے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ہے کہ امید کرتا ہوں بلاول پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے تاریخی مؤقف کو اجاگر کریں گے، سپریم کورٹ نے ایک موقع فراہم کیا ہے، ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ہم نے ڈائیلاگ سے کبھی انکار نہیں کیا تھا، ہمارے مذاکرات آئین کے دائرے میں ہوں گے اس سے باہر نہیں۔