اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد کی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے عدالت کو نوٹس کی تعمیل سےآگاہ کیا گیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی آج کی طلبی کیلئے جاری سمن کی تعمیل قانون کے مطابق نہیں ہوسکی جس کے بعد عدالت نے حاضری یقینی بنانے کیلئے عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر 121 مقدمات درج کرنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
اس سے قبل عدالت میں 10 ملزمان کی حاضری لگا دی گئی ، جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو نوٹس کی تعمیل سے متعلق سب انسپکٹر حنیف کو عدالت بلایا جائے۔
عدالت نے سب انسپکٹر حنیف کی عدالتی حاضری تک سماعت میں وقفہ کیا تھا۔
سول جج مبشرحسن چشتی نے عمران خان کو 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونےکے لیےنوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔