اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا جس میں تمام اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس آج 12:30 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے مذاکرات پر اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے، پنجاب میں الیکشن سے متعلق تاریخ پر بھی غور ہوگا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بھی سیاسی جماعتوں کو مشاورت کرنے کا کہا گیا تھا، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی اپنا موقف پریس کانفرنس میں بیان کر چکے ہیں۔
اتحادی جماعتوں کے مشاورتی فیصلوں سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔