وفاقی کابینہ نے 'انویسٹ پاکستان' کیلئے قانون سازی کرنے کی منظوری دیدی

Published On 26 April,2023 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر 'انویسٹ پاکستان' کے لیے قانون سازی کرنے کی منظوری دے دی۔

قانون سازی کے ذریعے سرمایہ کاری بورڈ کے تحت "انویسٹ پاکستان" کا دفتر قائم کیا جائے گا، یہ دفتر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں کام کرے گا، قانون سازی سرمایہ کار دوست سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔

وزارتوں اور ڈویژنز کو اپنے ایکٹ اور رولز میں لفظ "وفاقی حکومت" کی جگہ "مجاز اتھارٹی" کا استعمال کرنے کے لیے ترامیم کے حوالے سے گائیڈ لائنز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں گریڈ 21 کے افسر سیدین رضا زیدی کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اپریل 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔