اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس میں نظرثانی اپیل پر سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی۔
سیشن کورٹ میں خاتون جج دھمکی کیس میں عدالتی نوٹس جاری ہونے پر عمران خان کی جانب سے نظرثانی اپیل دائر کی گئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا کی عدالت میں عمران خان کے وکیل گوہرعلی پیش ہوئے۔
تھانہ مارگلہ کے تفتیشی افسر صغیرعلی ریکارڈ سمیت عدالت پیش ہوئے، عمران خان کے وکیل گوہر علی خان کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔
وکیل گوہر علی خان نے کہا کہ کیس میں نعیم پنجوتھہ نے پیش ہونا ہے جو اس وقت لاہور ہیں، گوہر علی نے استدعا کی کہ عمران خان کے وکیل آج دستیاب نہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔
بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔