سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا: پی ٹی آئی

Published On 27 April,2023 10:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، حکومت آئین سے انحراف پر بضد ہے۔

 لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ امید ہے عدالت آئین پر عملدر آمد کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی، آئین کے انحراف کا مطلب ہر پاکستانی کے حق پر ڈاکہ ہے، لگ رہا ہے کہ حکومت ایک بار پھر عدالت کی حکم عدولی کرے گی، یہ لوگ شہباز شریف کی قربانی کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جلاؤ گھیراؤ کیس: اسد عمر، یاسمین راشد و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع

انہوں نے کہا کہ کل پارلیمان میں اعلان بغاوت کیا گیا، پارلیمان میں سپریم کورٹ کے کسی جج سے متعلق بحث نہیں ہوسکتی، کل ایک بار پھر ذاتی حملے کئے گئے، عوام آئینی حقوق کے لئے باہر نکلیں گے۔

جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ واضح نظر آرہا ہے زرداری، فضل الرحمان اور مریم فیصلہ کر چکے ہیں، وہ شہباز شریف کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، شہبازشریف نے فیصلہ کرنا ہے اکیلے قربان ہوں گے یا سب کو ساتھ لے کر جائیں گے۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا: فرخ حبیب
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ آج پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگیں ہوئی ہیں، امپورٹڈ حکومت سپریم کورٹ کے حکم کی عدولی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بل منظور کروانے کی اکثریت نہیں، ن اور ش کی لڑائی بڑھ چکی ہے، شہبازشریف کو نااہل کروایا جارہا ہے، ن لیگ انتخابات میں شکست کے خوف سے بھاگ گئی ہے، سپریم کورٹ کے حکم پرعمل نہیں ہوا تو یہ کبھی الیکشن نہیں کروائیں گے، عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ 90 روز کے اندر انتخابات آئین میں ہیں، پیچھے مڑ کر دیکھیں تو یہ جوتے بغل میں لے کر دم دبا کر بھاگے ہوئے ہیں، ہمارا صرف عوام کے ساتھ رابطہ ہے، یہ عوام کے ساتھ رجوع کرنے سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ کبھی آڈیو کا سہارا لیتے ہیں کبھی ویڈیو کا، ان کی تاریخ ہے سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی۔