اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات میں اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
نیب نے انکوائری کے خلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں، انہوں نے ’کلین ہینڈز‘ کے ساتھ ہائیکورٹ سے رجوع نہیں کیا، ان کو سوالنامہ بھیجا مگر سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔
نیب نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان طلبی کے نوٹس پر نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے، ان کو قانون کے مطابق ہی نوٹس بھیجا گیا سوالات بھی پوچھے لیکن عمران خان نے جو جواب بھیجا اسے جواب نہیں کہا جاسکتا، وہ جان بوجھ کر معاملے کو التوا میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
نیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے 58 تحائف رکھے، انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے 14 کروڑ سے زائد کے تحائف 3 کروڑ 80 لاکھ میں رکھ لئے، انہوں نے معلومات دینے کے بجائے ٹال مٹول والا جواب بھیجا لہٰذا عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔