لاہور: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ چاہتا ہے مذاکرات اس کی مرضی سے ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کی آڑ میں ڈکٹیشن دی جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی قائم رہنی چاہیے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی، بد قسمتی سے مقدمات نہیں چہرے کو دیکھا جاتا ہے، لاڈلے کو ہر طرح کے ریلیف دیئے جا رہے ہیں، رشتہ داریوں کی بنا پر لوگوں کو فائدے مل رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ انصاف کا ایک نظام اور ایک معیار ہونا چاہیے، انتخابات آئین و قانون کے تحت ایک وقت پر ہونے چاہئیں، ملک میں افراتفری پھیلانے کیلئے بھارت اور اسرائیل شوق سے فنڈنگ کریں گے، اگر بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ جرم نہیں تو تمام پارٹیوں کیلئے کھول دیں۔