کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے حوالے سے پی ٹی آئی اور بی جے پی ایک صفحہ پر ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا المیہ یہ ہے سیاست کی طرح خارجہ امور سے لاعلم ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں، شنگھائی کانفرنس سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا تاریخی خطاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں شرکت پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، نالائق عمران نیازی نے پاکستان کے خارجہ امور کو برباد کر دیا تھا، عمران تو مودی کو مسڈ کالز دیتا رہا۔