لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پراپیگنڈا کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جتنی بھی پارٹیاں اقتدار میں آئیں کوئی نہ کوئی طاقت انہیں لے کر آئی، پیپلز پارٹی کبھی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں نہیں آئی۔
ڈیجیٹل میٹ اپ کی تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے اداروں پر سوشل میڈیا کے ذریعے خطرناک حملے کیے گئے، یہ سب وہ لوگ کر رہے ہیں جو ملک میں انتشار چاہتے ہیں، کسی کو پراپیگنڈے سے ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک میں انتشار کیلئے لوگوں کو استعمال کیا جا رہا، ہم نے ملک کے دفاع کیلئے سچ کو سامنے لانا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، ہمارا مقابلہ نفرت کے بیج بونے والوں، جھوٹ بولنے والوں سے ہے، پیپلز پارٹی کی ایک تاریخ ہے، پی پی نے قربانیاں دیں، آئین دیا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سی پیک لے کر آئے، جمہوریت کی بحالی کا سہرا بھی پیپلز پارٹی کو جاتا ہے، ہمارے لیڈران کبھی باہر نہیں بھاگے، منہ چھپا کر عدالتوں میں نہیں گئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، یہ بالٹی والے بابا یا کسی بابا رحمتے کے بس کی بات نہیں ہے، ہم سب کو آئینہ دکھائیں گے آپ نے کیا کیا ہم نے کیا کیا، ہم تنظیم سازی کو پورے ملک تک بڑھائیں گے، پیپلز پارٹی سے گزارش کروں گا ایک ٹکٹ لاہور سے دے، یہاں پارٹی کو مضبوط کرنے والوں کو اسمبلیوں میں لائیں گے، وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی ایک بار پھر لاہور کا قلعہ فتح کرے گی۔